بدین:سندھ میں روٹی، روزگار اور امن ناپید، عوام کو اب تبدیلی کی ضرورت ہے، علامہ راشد محمود سومرو

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو نے بدین میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی اور ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پہلے دن سے یہ مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں کہ ملک میں امن قائم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے دی ہیں، تاریخ میں شہادتوں کی فہرست گواہ ہے کہ ایک ایک جلسے سے درجنوں جنازے اٹھائے گئے، حتیٰ کہ میں نے خود اپنے والد کا جنازہ اٹھایا انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ہم نے امن کے لیے عملی جدوجہد کی، 13 روزہ اور 6 روزہ سندھ امن مارچ کیے اور امن جرگے منعقد کیے، مگر حکومتی دعوے آج بھی دھرے کے دھرے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت نااہل، کرپٹ، جعلی اور چور دروازے سے آئی ہو تو ملک مسائلستان ہی بنتا ہے، لہٰذا تمام حالات کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے اور اسے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے عوام کی جان چھوڑ دینی چاہیے۔
فلسطین اور عالمی امن بورڈ پر بات کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ امریکہ کو ڈھائی سال تک فلسطین میں معصوم بچوں کی لاشیں اور ان کے چیتھڑے نظر نہیں آئے، اور اب امن بورڈ کے نام پر غزہ اور فلسطین پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کو بائی پاس کر کے کی جانے والی کسی رائے کو تسلیم نہیں کرے گا، اسرائیل کو نہ پہلے تسلیم کیا، نہ اب کیا جائے گا اور نہ آئندہ کیا جائے گا، کیونکہ یہ قائداعظم کے اصولوں اور پاکستان کی روح کے خلاف ہے ایران اور امریکہ کے ممکنہ تنازع پر انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں اور امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ اگر مسلم اُمت متحد نہ ہوئی تو طاقتور ممالک ایک ایک کر کے سب کو نشانہ بنائیں گے، اس لیے مسلم حکمرانوں کو یکجا ہونا ہوگا سندھ میں بدامنی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو نہ روٹی ملی، نہ کپڑا، نہ مکان، نہ روزگار اور نہ ہی امن۔ معصوم بچے اغوا ہو رہے ہیں، کمسن بچیوں کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں، ہسپتالوں میں لوگ تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں اور لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ 78 سال میں حکمرانوں نے صرف اپنے مفادات کو ترجیح دی، عوام کو کچھ نہیں ملا۔ اب سندھ کی عوام کو تبدیلی کی ضرورت ہے اور میں قصبہ قصبہ، شہر شہر جا کر عوام کو اس کے لیے تیار کر رہا ہوں، ان شاء اللہ جمعیت علمائے اسلام سندھ کو متبادل قیادت فراہم کرے گی۔
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اختلافات پر انہوں نے کہا کہ یہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دونوں جماعتیں مختلف نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر اب عوام سب کچھ سمجھ چکی ہے۔ کراچی سندھ کا اٹوٹ انگ ہے جسے کسی صورت الگ نہیں کیا جا سکتا اس سے قبل بدین جیم خانہ ہال میں جمعیت طلبہ اسلام کے زیرِ اہتمام تربیتی کنونشن منعقد ہوا، جس میں طلبہ کو تعلیم، سوشل میڈیا سمیت مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے گئے۔ تقریب سے جے ٹی آئی سندھ کے صدر اسامہ محمود ہالیجوی، جنرل سیکریٹری محمد علی درس، عبدالصمد جمالی، اور جمعیت علمائے اسلام ضلع بدین کے ذمہ داران فتح محمد میہری، قاری عبدالواحد فاروقی اور دیگر ضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا



