ھالا: سندھ بھر میں 5 فیصد معذور کوٹا پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف احتجاج

ھالا (رپورٹ: امجد راجپوت، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) ضلع مٹیاری سمیت پورے سندھ میں پانچ فیصد معذور کوٹا پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف ھالا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ممتاز سماجی رہنماؤں سلمان لغاری، سھیل میرجت، صاحب ڈنو وریاہ، نصرت لغاری اور وسیم سولنگی نے کی۔

مظاہرین نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور سندھ کی مختلف عدالتیں متعدد بار سندھ حکومت کو معذور کوٹا پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر چکی ہیں، مگر اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا، جس کے باعث سندھ بھر کے معذور افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مہذب ممالک میں جانوروں اور پرندوں کی فلاح و بہبود کے لیے ادارے موجود ہیں، لیکن افسوس کہ یہاں معذور انسان کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی مؤثر ادارہ کام نہیں کر رہا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس معذور کوٹا کے لیے سیٹیں موجود ہونے کے باوجود بھرتیاں نہیں کی جا رہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معذور افراد کے لیے خصوصی ماہانہ فنڈ مقرر کیا جائے اور مال زکوٰۃ و عشر، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر سماجی تحفظ کے اداروں میں بھی معذور افراد کے لیے مخصوص کوٹہ رکھا جائے۔

مظاہرین نے مزید مطالبہ کیا کہ وفاقی اداروں میں دو فیصد معذور کوٹا پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور نجی شعبے (پرائیویٹ سیکٹر) کو بھی معذور کوٹا نافذ کرنے کا پابند بنایا جائے۔

احتجاج میں جمعیت علمائے اسلام کے صاحب ڈنو وریاہ، جسقم کے رہنما عبدالرشید، ایس یو پی کے بھار سھتو اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مطالبات کی حمایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button