آزاد، ذمہ دار اور باخبر میڈیا جمہوریت کی بنیاد ہے، شرجیل میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات سندھ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور محکمہ اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے لیے محکمہ اطلاعات کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے میڈیا سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل، سہولیات میں بہتری، معلومات کی بروقت فراہمی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر بھی غور کیا گیا، جن میں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ، سرکاری معلومات کی جدید ذرائع سے ترسیل، فلم اور دستاویزی منصوبوں کی سرپرستی اور عوام تک حکومتی پالیسیوں کی شفاف انداز میں رسائی کو یقینی بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر میڈیا جمہوریت کی بنیاد ہے اور حکومت سندھ میڈیا کے ساتھ مضبوط اور بااعتماد تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں ہدایت دی کہ محکمہ اطلاعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ سرکاری معلومات شفاف، مستند اور بروقت انداز میں عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود، میڈیا ہاؤسز کی سہولت کاری اور تخلیقی منصوبوں کی حوصلہ افزائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ جاری منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور نئے منصوبوں کو زمینی حقائق اور میڈیا کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی شکل دی جائے۔



