پاک ازبک تعلقات میں نیا موڑ: نواز شریف سے ازبک سفیر کی ملاقات، صدر شوکت مرزائیوف کا خصوصی خط اور دورے کی دعوت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ازبکستان کے سفیر نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ازبک سفیر نے صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کا خصوصی خط پہنچایا، جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
ازبک سفیر نے نواز شریف کو پاکستان کا محب وطن رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے شاندار اور دیرپا منصوبے متعارف کرائے، جن کے مثبت اثرات آج بھی نمایاں ہیں۔
خط میں ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبوں کو بھی سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ازبک صدر نے اپنے پیغام میں صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو ازبکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی و سفارتی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیاسی تعاون کے نئے امکانات کھول سکتی ہے۔


