بدین: پنگریو میں منشیات فروشی کیخلاف جسقم کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پنگریو اور گرد و نواح میں منشیات فروشی اور بدامنی کے خلاف جسقم کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری۔نعرے بازی۔

پنگریو اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں منشیات کی کھلے عام فروخت اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف جیئے سندھ قومی محاذ (جسقم) کی جانب سے احتجاج کاسلسلہ ساتویں روز بھی پنگریو پریس کلب کے سامنے جاری رہامظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے منشیات فروشوں اور مبینہ سرپرست عناصر کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔اس موقع پر جسقم کے رہنماؤں ارشد چانڈیو، محبوب جونيجو اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنگریو میں سرِعام منشیات کا کاروبار دھڑلے سے جاری ہے، جس نے علاقے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے اور نوجوان نسل تیزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے کے بجائے پولیس احتجاج کرنے والوں کو دھمکیاں دے رہی ہے کہ اگر احتجاج ختم نہ کیا گیا تو ان کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔جسقم رہنماؤں نے کہا کہ منشیات فروشی کے اس ناسور کے باعث معاشرتی بگاڑ، جرائم اور بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے، مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک منشیات کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ضلعی انتظامیہ بدین سے مطالبہ کیا کہ پنگریو اور آس پاس کے علاقوں میں منشیات کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے، منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔احتجاجی مظاہرین نے اس موقع پر نعرے بازی بھی کی

مزید خبریں

Back to top button