بسنت نے پنجاب کی معیشت کو پر لگا دیے،20ارب سے زائد کا کاروبارہوا،کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے دعویٰ کیا ہے کہ بسنت کے موقع پر صوبہ پنجاب میں 20 ارب روپے سے زائد کا کاروبار ہوا جس سے صوبائی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچا۔
بسنت کے کامیاب انعقاد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ بسنت کے دوران صرف پتنگ اور ڈور کا کاروبار ہی تین ارب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ بانس، کاغذ، مزدوری اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد نے بھی بھرپور روزگار حاصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانس فروش ہوں یا پیپر فروش، مزدور ہوں یا کاریگر، ہر طبقے نے بسنت کے تہوار سے معاشی فائدہ اٹھایا۔
آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کی بحالی سے نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملا بلکہ تین روزہ تہوار خیریت سے مکمل ہوا اور لاہور میں کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔
ایسوسی ایشن نے اسلام آباد میں پیش آنے والے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جس کے باعث بسنت کی کئی تقریبات منعقد نہ ہو سکیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کے ساتھ مل کر بسنت کے لیے جامع ایس او پیز تیار کی گئیں، پتنگ، گڈے اور ڈور کے معاملات پر حکومت اور ایسوسی ایشن ایک پیج پر تھیں، جبکہ حکومت کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد سیفٹی راڈز بھی نصب کی گئیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



