امریکی جریدے نے کالعدم بی ایل اے کی دہشت گرد حکمت عملی بے نقاب کر دی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی جریدے نیشنل انٹرسٹ کی رپورٹ کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی دہشت گردی کم لاگت اور زیادہ خوف پھیلانے والا ماڈل اختیار کر چکی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کالعدم بی ایل اے کے پاس علاقہ کنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود نہیں، بلکہ اس کے منتشر گروپس کا نیٹ ورک دہشت گردانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کالعدم بی ایل اے کی سرگرمیاں پورے خطے کے لیے خطرہ بن رہی ہیں، اور سرحد پار موجود دہشت گرد نیٹ ورک علاقائی مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ بلوچستان میں تشدد کو صرف معاشی محرومی سے جوڑنا حقائق کو مسخ کرنا ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق معاشی محرومیاں دہشت گردی کا جواز نہیں بن سکتیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان، امریکا، برطانیہ اور چین پہلے ہی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں، اور افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیاروں سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں زور دیا گیا کہ امریکا کو نیٹ ورکڈ دہشت گردی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور مشترکہ انسداد دہشت گردی حکمت عملی خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہو گئی ہے۔



