8 فروری ہڑتال، کارکنان مغرب کی نماز ادا کر کے حکومت کے خاتمے کی دعا کریں، پی ٹی آئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی جانب سے 8 فروری 2026 کو ملک بھر میں پرامن پہیہ جام اور شٹر بند ہڑتال کی کال کی روشنی میں پی ٹی آئی نے کارکنان اور عوام کیلیے پیغام جاری کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کارکنان اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پُرامن شرکت کریں، ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کیا جاہے۔

کارکنوں اور عوام کے نام پیغام میں پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ 8 فروری 2024 ایک سیاہ دن تھا جب عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا  اور کل اس سیاہ دن کو دو سال مکمل ہو رہے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پرامن شٹر بند ہڑتال اور پہیہ جام اس لیے بھی ہے کہ پچھلے ڈھائی سال سے عمران خان اور اُن کی اہلیہ بے گناہ اور جھوٹے مقدمات میں قید ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے سیکڑوں بے گناہ سیاسی قیدی بھی جیلوں میں ہیں۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق کل کا احتجاج اسلام آباد، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری دہشت گردی، بدامنی اور عوام کے عدمِ تحفظ کے خلاف بھی ایک واضح پیغام ہے۔

کارکنوں کو ہدایت اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کل مغرب کی نماز اپنی قریبی مساجد میں باجماعت ادا کریں اور نماز کے بعد دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر موجودہ مسلط شدہ جعلی حکومت کو ختم فرمائے۔

کارکنوں کوہدایت کی گئی ہے کہ نماز اور دعا کے بعد اپنے موبائل کی لائٹ یا دستی مشعل، لے کر اپنے اپنے علاقوں کی پرامن مشعل بردار ریلی میں شامل ہوں۔

پی ٹی آئی نے ہدایت کی ہے کہ تمام شرکاء پرامن طریقے سے احتجاج کریں اور اپنے احتجاج کو پرامن انداز میں ریکارڈ کروائیں۔

مزید خبریں

Back to top button