وفاقی وزیر داخلہ کا لنڈی کوتل کا دورہ،شہیدکیپٹن عباس خان کے اہلخانہ سے تعزیت

پشاور(جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ مختصر دورے پر لنڈی کوتل پہنچے جہاں وہ کنڈوخیل میں شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ عمران تاج اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد اقبال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر محسن نقوی نے شہید کے والد اور بھائیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن عباس خان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔



