عمران خان کی ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست مسترد
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے2سالہ میڈیکل ہسٹری عدالت میں پیش کردی

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے)انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست مسترد کر دی۔ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی عمران خان کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیے۔سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا عمران خان انڈر ٹرائل قیدی نہیں ہیں،9مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی ضمانت پر ہیں، بانی پی ٹی آئی جی ایچ کیو کیس میں انڈر ٹرائل ملزم ہیں قیدی نہیں ہیں۔عمران خان کوکونسی طبی شکایات رہیں؟اڈیالہ جیل انتظامیہ نے2سالہ میڈیکل ہسٹری عدالت میں پیش کردی۔
سرکاری وکیل ظہیر شاہ نے کہا کہ کرمنل کورٹ کے پاس اختیار نہیں ضمانت پر کسی ملزم کی کسٹڈی کو ریگولیٹ کرے، یہ کوئی آئینی عدالت نہیں، کرمنل کورٹ ہے، کسی بھی قیدی کے علاج معالجے کیلئے حکومت ڈاکٹرز کا تعین کرتی ہے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا پاکستان پریزن رولز میں پرائیویٹ ڈاکٹرز سے علاج کرانے کا کوئی ذکر نہیں ہے، کسی بھی قیدی کیلئے ذاتی معالج کا پریزن رولز میں کوئی رول نہیں۔



