فیسٹیول کا مقصد تھر کے کڑے اور لڑکیوں کو کھیلوں کے مواقعے فراہم کرنا تھ،سیکریٹری محکمہ کھیل

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی /نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے محکمہ کھیل کے سیکریٹری منور علی مہیسر نے کہا ہے کہ تھر فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد تھر کے عوام کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تھر کے نوجوانوں اور لڑکیوں کو کھیلوں کے مواقع مہیا کرنا ہے تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ماروی گراؤنڈ مٹھی میں منعقدہ دو روزہ تھر فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل کے صوبائی وزیر محمد بخش مہر سندھ کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کے خواہش ہیں اور انہی کی ہدایات پر تھر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے لوگوں اور بچوں نے جس جوش و خروش سے تھر فیسٹیول کی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی، اسے دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ ہر چھ ماہ بعد یہاں ایسا بڑا فیسٹیول منعقد ہونا چاہیے۔ سیکریٹری کھیل نے کہا کہ صرف میراتھن ریس میں پانچ ہزار بچوں کی شرکت ایک بڑی بات تھی، جن میں تقریباً 50 فیصد لڑکیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ تھر فیسٹیول میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ روادار، امن پسند اور تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔ اونٹوں اور گھوڑوں کی ریس کا منظر بھی دیدنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ تھر فیسٹیول کا ہر ایونٹ اپنی مثال آپ تھا، جسے دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے یہ کسی قومی یا بین الاقوامی سطح کا مقابلہ ہو۔ انہوں نے تھر کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس بڑے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے تھر فیسٹیول کو مثبت انداز میں کوریج دے کر دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کیا، جس پر میڈیا کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن طریقے سے تھر فیسٹیول کا اختتام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے ملک کے لوگ زبان اور مذہب کے فرق سے بالاتر ہو کر محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔



