دہشتگردی پر سیاست قابلِ مذمت، فتنہ الخوارج سے ڈٹ کر لڑیں گے، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ قومی سانحات اور دہشتگردی جیسے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے والے عناصر قابلِ مذمت ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے دہشتگردی کے واقعے پر سیاست کرنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر ماضی میں ہزارہ برادری کے شہداء کی لاشوں کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتے رہے، وہ آج خاموش رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشتگردی کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف گھٹیا اور نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں بھی خاموش رہنا چاہیے۔ دہشتگردی کے خلاف یہ ایک جنگ ہے، جسے یہ قوم پہلے بھی جیت چکی ہے اور اب بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو عناصر افغانستان کے غم میں گھلتے ہیں اور دہشتگردوں کو دہشتگرد کہنے سے گریز کرتے ہیں، وہ پنجاب اور عوام کی خوشیوں پر اپنی کالی سیاست مسلط نہ کریں۔ دہشتگرد چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے میدان ویران ہوں اور عوام خوف میں مبتلا رہیں، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔

عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ ہم فتنہ الخوارج اور ان کے پیروکاروں سے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور انہیں ہر محاذ پر شکست دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button