اقوام متحدہ کی اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت، دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد و امام بارگاہ میں ہونے والے دل دہلا دینے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے زور دیا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو جلد شناخت کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے موقف کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں جمعہ کے روز خودکش دھماکے میں 32 نمازی شہید ہوئے اور 162 زخمی ہوئے، جن میں 29 کی حالت نازک ہے۔ شہداء کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بھی شہریوں اور عبادت گاہوں پر حملے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب، ایران، روس، چین، ترکیہ اور افغانستان سمیت متعدد ممالک نے اسلام آباد دھماکے کی مذمت کی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی برادری کا یہ ردعمل دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر ملک کی سیکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔



