عارف والا میں سینٹری ورکر کی المناک موت: وزیراعلیٰ مریم نواز کا سخت نوٹس، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

لاہور/عارف والا (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عارف والا میں سینٹری ورکر کے مین ہول میں گرنے اور سیوریج لائن میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے ورکر کے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پاکپتن سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مین ہول میں اترنے کے لیے درکار حفاظتی آلات استعمال نہ کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کے ذمہ داروں کا فوری تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سینٹری ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔



