اسلام آباد خودکش حملہ: وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی رہنماؤں سے اظہارِ تشکر، دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے ہولناک خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے موصول ہونے والے ہمدردی اور یکجہتی کے پیغامات پر دوست ممالک اور عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور دہشتگردی کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دل دہلا دینے والے خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے ہمدردی اور یکجہتی کے جو پیغامات موصول ہوئے ہیں، پاکستانی قوم اُن کے لیے شکر گزار ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں دوست ممالک اور شراکت داروں کی حمایت ہمیشہ نہایت اہم رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نازک گھڑی میں بہادر پاکستانی قوم متحد ہے اور دہشتگردی کو شکست دینے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح مضبوطی سے قائم رہے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں واقع امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 162 زخمی ہو گئے تھے۔ شہداء کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کا پمز اور پولی کلینک اسپتال میں علاج جاری ہے۔

دوسری جانب خودکش دھماکے کے بعد علاقے کی فضا اب بھی سوگوار ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں چار سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، جبکہ حملے میں بڑی تعداد میں بال بیئرنگ بھی شامل تھیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے پہلے پستول سے فائرنگ کی، بعد ازاں مسجد کے مرکزی ہال میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ خودکش بمبار افغانستان سے تربیت یافتہ تھا اور اس کی ٹریول ہسٹری بھی موجود ہے۔ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا شناختی کارڈ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت یاسر ولد بہادر خان کے نام سے ہوئی ہے، جو محلہ قاضیاں پشاور کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے پشاور سے حملہ آور کے چار رشتہ داروں کو بھی حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ آج گیارہ بجے ادا کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button