نمازیوں کو شہید کرنیوالے دین اور وطن کے دشمن ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد خودکش حملے پر ردعمل میں کہا ہے کہ اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی۔
اپنی ٹوئٹ میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ مسجد میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دین اور وطن کے دشمن ہیں، حملے میں ملوث دہشت گرد کا افغانستان آنا جانا ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اورطالبان کے گٹھ جوڑ کے تانے بانے مل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ سکیورٹی گارڈز نے حملہ آورکو چیلنج کیا جس کے جواب میں اس نے فائرنگ کی، خودکش حملہ آور نے نمازیوں کی آخری قطار میں اپنےآپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔
وزیر دفاع کا کہناتھاکہ اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت عبرت ناک شکست کے بعد اپنی پراکسیوں کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے، بھارت کی اب براہ راست جنگ لڑنے کی ہمت نہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 31 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران مسجد و امام بارگارہ خدیجتُہ الکبریٰ میں ہوا ، خود کش حملہ آور نے مسجد میں داخلے سے روکنے پر خود کو اڑا لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے فائرنگ کی آوازیں بھی آئیں، دھماکے کے بعد پولیس اور فوج کے دستوں اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
تمام زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا، تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کردی گئی۔



