شہدادکوٹ میں پانی کا بحران سنگین ، 17 دن سے فراہمی بند، شہری سڑکوں پر نکل آئے، میونسپل کمیٹی آفس کے سامنے دھرنا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)شہدادکوٹ میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہری اتحاد کی کال پر مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور شہری تنظیموں کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جبکہ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی۔

احتجاجی دھرنے سے شہری اتحاد کے صدر کامریڈ وہاب پندرانی، حبدار میرجت، مولانا محمد جان عابد، حمل خشک اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے واٹر سپلائی اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم گزشتہ 17 روز سے پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے، جس کے باعث لاکھوں شہری شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ واٹر سپلائی اسکیم سے نکلنے والی پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، جس کی شکایت چند روز قبل چیف میونسپل افسر کو بھی کی گئی، مگر تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہری عذاب میں مبتلا ہیں۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر دو دن کے اندر پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو پیر کے روز دوبارہ احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

ادھر شہریوں کے احتجاج کے دوران میونسپل کمیٹی کے تمام افسران دفتر سے غیر حاضر رہے، جس پر مظاہرین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button