بھارت نے طاقت کے زور پر کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے کہا ہے کہ بھارت نے طاقت کے زور پر کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی، کشمیری جھکنے والی قوم نہیں، کشمیریوں کو تسلط اور طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب پاکستان یومِ یکجہتی کشمیر نہ مناتا ہو، جب بھی کشمیریوں پر ظلم کیا جاتا ہے، پاکستان پوری قوت کے ساتھ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعظم پاکستان اور میاں نواز شریف کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں، کشمیری دنیا کی ایک باہمت اور مضبوط قوم ہیں جو اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے اور خواتین بھی بھارتی جارحیت سے محفوظ نہیں، سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود آٹھ لاکھ بھارتی فوج بھی کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکی، آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستان کی جانب سے سلام پیش کیا جاتا ہے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر قابض ہوئے 2 ہزار 375 دن مکمل ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیری عوام آج بھی ڈٹے ہوئے ہیں، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کشمیری قوم جھکنے والی نہیں ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کشمیریوں کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر کو آزاد ہوتا دیکھا جائے گا۔



