خورشید احمد شاہ کا یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام: کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلام

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور عزم قابلِ ستائش ہیں۔

خورشید احمد شاہ نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو کر رہے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔

خورشید احمد شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن و استحکام اور تمام ممالک کے مفادات کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی قیادت میں بھارت نے گاندھی کی عدم تشدد کی تعلیمات کو پامال کر کے خطے کو بدامنی اور تشدد کی راہ پر دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button