ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ: تجارت، تائیوان اور عالمی امور پر اہم تبادلہ خیال

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں اہم سیاسی اور معاشی امور پر بات چیت ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
امریکی صدر نے بیان میں کہا کہ شی جن پنگ کے ساتھ گفتگو زبردست رہی اور ان کے ساتھ بہترین ذاتی تعلقات قائم ہیں۔ اس دوران تجارت، فوجی امور اور اپریل میں متوقع چینی دورے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ تائیوان، روس-یوکرین جنگ اور ایران کی موجودہ صورتحال پر بھی بات ہوئی، جبکہ چین کی امریکا سے توانائی وسائل کی ممکنہ خریداری پر بھی غور کیا گیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے اضافی زرعی مصنوعات کی خریداری، بشمول سویا بین کی 20 ملین ٹن تک خریداری کے امکانات، زیرِ غور ہیں، اور تعلقات کو مضبوط کرنے اور تجارتی تعاون بڑھانے کا عزم برقرار ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کہا کہ امریکا اور چین تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کو بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تائیوان کا مسئلہ امریکا-چین تعلقات کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور امریکا کو تائیوان سے متعلق اسلحہ معاہدوں میں احتیاط برتنی چاہیے۔ شی جن پنگ نے مزید کہا کہ چین امریکا تعلقات کو بہتر بنانے اور بڑے اقدامات کے لیے تیار ہے۔



