یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال رشتے کی علامت ہے، حقِ خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال، مضبوط اور ناقابلِ شکست رشتے کی واضح علامت ہے، اور اہلِ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی بنیادوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان سے وابستہ کر لیا تھا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 05 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جنہیں کشمیری عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر و استبداد کشمیری عوام کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارتی پالیسیاں مسلسل عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہیں۔ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کیا جائے گا اور ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنا حقِ خودارادیت حاصل کریں گے، کیونکہ ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کشمیری عوام کی دیرینہ خواہش ہے۔

مزید خبریں

Back to top button