مضبوط پاکستان ہی آزادی کشمیر کی ضمانت ہے، مسئلہ کشمیر خطے کا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، خواجہ سعد رفیق

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی آزادیٔ کشمیر کا حقیقی ضامن ہے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہو چکا ہے۔

لاہور میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک خطرناک فلیش پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے، جسے نظرانداز کرنا خطے کے امن کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد مسلسل جاری ہے اور کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم یکجا اور متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ پاکستان “جیو اور جینے دو” کے اصول پر یقین رکھتا ہے اور اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف نے خطے میں امن کے لیے سنجیدہ اور بڑی کوششیں کیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کوششوں کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھنے دیا جاتا تو آج حالات مختلف ہوتے، مگر بدقسمتی سے ہم کئی سنہری مواقع گنوا چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button