یومِ یکجہتی کشمیر: افواجِ پاکستان کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعلان، حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر افواجِ پاکستان نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا واضح پیغام دیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہیں۔ بیان میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر قانونی حراستوں کو عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے اور عالمی برادری کشمیری عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرے۔
آئی ایس پی آر نے مزید واضح کیا کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی پر قائم رہیں گی۔



