دھند کا راج، حدِ نگاہ متاثر ہونے پر ایم 4 اور ایم 5 کے اہم سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)موٹرویز پر شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر ایم 4 موٹروے عبدالحکیم سے ملتان تک اور ایم 5 موٹروے اوچ شریف سے ظاہر پیر تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

سنٹرل ریجن موٹرویز کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق یہ فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، کیونکہ شدید دھند میں ڈرائیونگ نہایت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اور کسی بھی وقت حادثے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ناگزیر صورت میں محفوظ اوقات کا انتخاب کریں۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے موسم میں دن کے وقت سفر کو ترجیح دی جائے اور صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے وقت کو نسبتاً محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے تمام ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک رہنمائی پر سختی سے عمل کریں، گاڑیوں کی رفتار محدود رکھیں، فوگ لائٹس کا درست استعمال کریں اور حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button