یومِ یکجہتی کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا مظلوم کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ، بھارت سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ہوا، جبکہ کشمیریوں کی قربانیاں عزم، حوصلے اور استقامت کی روشن مثال ہیں۔

آصف علی زرداری نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب تنازع ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضامن ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیری عوام دہائیوں سے حقِ رائے شماری سے محروم ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر آج بھی جبر، تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور آزادی کی روشن سحر کشمیری عوام کا مقدر بن کر رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button