پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے آغاز کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کر دی۔

ملک بھر میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 17 فروری کو شام پانچ بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا، کراچی میں 18 فروری تک چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو جائے گی جو اسے نظر آنے کے لیے موزوں بنا دے گی۔

شہر میں سورج غروب ہونے کا وقت چھ بج کر 25 منٹ اور چاند غروب ہونے کا وقت سات بج کر 24 منٹ ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں چاند دیکھنے کے امکانات بہتر ہیں۔

ماہرین کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے لیکن چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر کم از کم 19 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری ہے البتہ مزید معلومات کے لیے محکمہ موسمیات کی رپورٹ اور مقامی علماء کی ہدایات کا انتظار کیا جائے گا تاکہ رمضان کے پہلے روزے کا حتمی اعلان کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button