افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں استعمال ہونے لگا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد چھوڑا گیا جدید امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں استعمال ہو رہا ہے، جس سے ملک میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ ہتھیار ابتدائی طور پر افغان فوج کی صلاحیت بڑھانے کے لیے فراہم کیے گئے تھے، مگر امریکی انخلا کے دوران بڑی مقدار میں افغانستان میں چھوڑ دیے گئے۔ امریکی ادارے سگار کے سابق سربراہ جان سوپکو کے مطابق انخلا کے وقت تقریباً 3 لاکھ جدید امریکی ہتھیار افغانستان میں موجود تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) دہشت گرد امریکی ساختہ رائفلز، مشین گنز اور اسنائپر ہتھیار استعمال کر رہے ہیں، جن میں M-4، M-16، M-249 مشین گنز، Remington اسنائپر رائفلز اور نائٹ وژن ڈیوائسز شامل ہیں۔ اگست 2025 میں امریکا نے بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے امریکی ہتھیار سی این این کے نمائندوں کو دکھائے، اور رپورٹ میں کہا گیا کہ ان ہتھیاروں کی دستیابی دہشت گردوں کی صلاحیت بڑھانے کا سبب بنی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ہتھیار اور نائٹ وژن آلات دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں اور ان کی فوری نگرانی اور کنٹرول ناگزیر ہے۔



