پنگریو نوکوٹ سڑک کی عدم تعمیر کیخلاف احتجاجی تحریک شروع

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)
ضلع بدین اورتھرپارکرضلع کو ملانے والی پنگریو نوکوٹ سڑک کی طویل عرصے سے عدم تعمیر کیخلاف علاقہ کے عوام نے احتجاجی تحریک شروع کردی ہے اس ضمن میں شہریوں، سماجی کارکنوں، طلبہ اور مختلف دیہات کے مکینوں نے پنگریو پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکال کر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سڑک کی فوری تعمیر کے مطالبات درج تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پنگریو سے نوکوٹ روڈ کئی برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور متعدد بار وعدوں کے باوجود اس کی تعمیر کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ سڑک کی ابتر حالت کے باعث روزمرہ سفر شدید عذاب بن چکا ہے۔ مقررین چوہدری مشتاق احمد آرائیں ۔قیصرچانڈیو۔نوراحمدزنگیجو اوردیگرنے کہا کہ یہ سڑک سینکڑوں دیہات اوردواضلاع کو شہروں سے ملاتی ہے، مگر خستہ حالی کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔طلبہ کے والدین نے احتجاج کے دوران بتایا کہ اسکول اور کالج جانے والے بچے وقت پر تعلیمی اداروں تک نہیں پہنچ پاتے جس سے ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ بارش یا گردوغبار کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔مظاہرین نے یہ بھی کہاکہ سڑک کی خراب حالت کے باعث مریضوں کو بروقت اسپتال منتقل کرنا ممکن نہیں رہتا، جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایمبولینس سروس بھی اکثر راستے کی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہو جاتی ہے۔احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقامی رہنماؤں نے حکومتِ سندھ اور محکمہ ہائی ویز سے مطالبہ کیا کہ پنگریو۔نوکوٹ روڈ کی فوری تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جائیں اور کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے تاکہ عوام کو سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ احتجاج کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیاہے کہ متعلقہ حکام اس دیرینہ مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں بصورت دیگر احتجاجی تحریک کاسلسلہ تیزکردیاجائے گا



