آئی جی پنجاب ہیں کون؟

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی ) ایف آئی اے تعینات کردیا گیا جبکہ راؤ عبدالکریم کو پنجاب پولیس کا نیا سربراہ بنا دیا گیا۔وفاقی حکومت نے راؤ عبدالکریم کی انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے عہدے پر تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا،راؤ عبدالکریم کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے24ویںکامن سے ہے۔

راؤ عبدالکریم کا شمار انتہائی پروفیشنل،منجھے ہوئے اور تجربہ کار بہترین افسران میں ہوتا ہے، راؤ عبدالکریم ان دنوں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔راؤ عبدالکریم بطور ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، آر پی او گوجرانوالا، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں، راؤ عبدالکریم کا تعلق نوابشاہ سے ہے۔راؤ عبدالکریم نے1996میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی،راؤ عبدالکریم نے اے ایس پی یو ٹی سکھر، ایس ڈی پی او سکھر سٹی، لطیف آباد حیدر آباد، چنیوٹ کے عہدوں پر فرائض سر انجام دیے۔راؤ عبدالکریم نے بطور ایس پی گوجرانوالا، لاہور اور شیخوپورہ خدمات انجام دیں، راؤ عبدالکریم بطور ڈی پی او میانوالی، قصور اور جھنگ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب راو عبدالکریم کو سلامی پیش کی، آئی جی پنجاب کی پولیس شہدا کی یادگار پر حاضری،ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج بھی سنبھال لیا۔

آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز سمیت دیگر سینئر افسروں  سے ملاقات کی،ملاقات کے بعد آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور انکی بے لوث خدمت میری اولین ترجیح ہے۔آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا کہ شہریوں میں احساسِ تحفظ کی فضا کو اجاگر کرتے ہوئے پبلک آرڈر کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا،دہشتگردی،ملک دشمن عناصر کیخلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، آئین کی حکمرانی اور قانون کی مکمل پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button