پاک بحریہ اور آذربائیجان نیوی میں تعاون کا نیا باب، بحری سلامتی مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین محمدوف نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بحری تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان نیوی کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی بحری سلامتی، دفاعی تعاون اور دوطرفہ پیشہ ورانہ روابط پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دورے کے موقع پر پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ آذربائیجان نیوی کے کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے، تربیتی شعبے میں اشتراک اور دفاعی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر معزز مہمان کو پاکستان نیوی کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آذربائیجان نیوی کے کمانڈر کے اس دورے کو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ بحری تعاون کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button