وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے سینیٹر پلوشہ خان سے معذرت کرلی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے سینیٹ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان سے معذرت کرلی۔سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھاکہ قائمہ کمیٹی اجلاس میں ایک واقعہ ہوا، 24سال سے سیاست میں کوشش کی ہر کولیگ سے احترام کا رشتہ رکھوں،کبھی ایسے لمحات آ جاتے ہیں۔انہوں نے سینیٹرپلوشہ خان سے سینیٹ اجلاس میں معذرت کی اور کہا کہ میں پلوشہ خان،پرویز رشید اور دیگر اراکین سے معذرت کرتا ہوں،میں دلی طور پر معذرت خواہ ہوں۔پلوشہ خان نے جواب میں کہا کہ ہم سب کی عزت برابر ہے،امید ہے آئندہ سب ممبران کی عزت کا احترام کریں گے، امید ہے آئندہ کمیٹیوں میں یہ ماحول نہیں ہو گا۔



