کسی اگر مگر کے بغیر دہشت گردوں کو دہشت گرد کہا جائے،راناثنا اللہ

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نےکہا ہےکہ کسی اگر مگر کے بغیر دہشتگردوں کو دہشتگرد کہا جائے،بلوچستان میں کوئی ناراض نہیں،کوئی حقوق کا معاملہ نہیں۔سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مجرمانہ سرگرمیاں چند گروہ مل کر کہیں بھی کرسکتے ہیں،محفوظ علاقوں میں بھی گروہ ملکر لوگوں کو یرغمال بنالیتے ہیں،بلوچستان میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث لوگ بس روک کر مسافروں کو اتارلیتے ہیں،وہ دوسرے صوبوں کے لوگوں کو ان کی فیملی کے سامنے شہید کرتے اور چھپ جاتے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ کس بات کی ناراضی ہےکہ آپ بےگناہ لوگوں کو شہید کریں،جعفر ایکسپریس واقعےکے دہشت گردوں کی میتیں کوئٹہ ہسپتال لائی گئیں تو کس نے جاکر انہیں قبضے میں لیا؟۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کسی اگر مگر کے بغیر دہشت گردوں کو دہشت گرد کہا جائے، بلوچستان میں کوئی ناراض نہیں،کوئی حقوق کا معاملہ نہیں ہے۔



