وزیراعظم سے ملاقات میں بانی کے متعلق گفتگو نہیں ہوئی، سہیل آفریدی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ملاقات کی دعوت دی تھی، جس میں صرف دہشت گردی کے خلاف تعاون اور صوبے کے مالی مسائل پر بات ہوئی، جبکہ کسی سیاسی معاملے یا پی ٹی آئی کے بانی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ملاقات کے دوران سب سے پہلے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر مذمت کی گئی اور وزیراعظم سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کے لیے این ایف سی ایوارڈ، این ایچ پی اور وفاق پر واجب الادا بقایا جات بھی زیر بحث آئے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنی جیب سے قبائلی اضلاع پر 26 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ دہشت گردی کا کوئی صوبہ، ملک یا مذہب نہیں ہوتا اور ہر پاکستانی کو اس کی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ اور کرم کے لوگ پاکستان کے لیے قربانی دے رہے ہیں، اس کے سامنے 4 ارب روپے کچھ بھی نہیں، اور ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں جو ان کی دل آزاری کا سبب بنیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے آج کی ملاقات بطور وزیراعلیٰ ایک عہدے کا تقاضا تھی، نہ کہ بطور سیاسی ورکر، اور خیبرپختونخوا اور عوام کے حقوق کے لیے یہ ملاقات ضروری تھی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردی کے حوالے سے ایک اور خصوصی ملاقات بھی ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button