وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستانی پیویلین کی ٹیم کی ملاقات، وینس بیانالے 2026 میں پاکستانی آرٹ کی عالمی نمائش پر زور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اٹلی کے شہر وینس میں منعقدہ تاریخی آرٹ نمائش 61 ویں وینس بیانالے 2026 میں پاکستانی پیویلین کی ٹیم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نجم سیٹھی، پاکستان کی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ، پویلین کی کیوریٹر بیٹریز کوفینٹس فلیکانو اور پاکستان پیویلین کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش شریک تھے۔
پاکستان پیویلین ٹیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ نمائش میں رواں برس پاکستان کے روایتی آرٹ اور اس کی جمالیات و خوبصورتی کو دنیا بھر سے آئے مہمانوں اور سیاحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مئی سے نومبر 2026 تک پاکستانی پویلین کے تحت متعدد ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور فن کے مختلف پہلوؤں کی آگاہی عالمی سطح پر فراہم کی جائے گی۔
وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ وینس بیانالے، جس کا آغاز 1895 میں ہوا، دنیا کی سب سے قدیم اور بڑی آرٹ نمائش ہے، جو اپنے تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کے لحاظ سے منفرد حیثیت رکھتی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی پیویلین ٹیم کا خیرمقدم کیا اور زور دیا کہ پاکستانی تاریخ، ثقافت اور فن کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ مزید برآں، وفد نے وزیرِ اعظم کو پاکستانی پویلین کے افتتاح کی دعوت بھی دی۔



