وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات، صوبے کے امن و مالی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ایک گھنٹے پر محیط ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کے امن و امان، مالی معاملات اور وفاق و صوبے کے درمیان جاری امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کے پی ہاؤس سے وزیراعظم کے دفتر پہنچے، جہاں انہوں نے خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال اور صوبائی تحفظات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے تیراہ آپریشن، صوبے اور وفاق کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے اور باہمی رابطوں کے امور پر بات چیت کی۔ اس کے علاوہ وفاق کے ذمے واجب الادا بقایاجات اور ضم شدہ اضلاع کے عوام کو درپیش مشکلات بھی زیر بحث آئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملاقات سے قبل متعلقہ افسران سے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی تھی، تاکہ صوبے کے مسائل کی درست اور مؤثر انداز میں نشاندہی کی جا سکے۔

خیال رہے کہ اس ملاقات کی دعوت وزیراعظم نے خود وزیراعلیٰ کے لیے دی تھی، جس سے وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر روابط اور امور کی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش ظاہر ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button