آبی ذخائر کا تحفظ قومی بقا سے جڑا ہے، سندھ طاس معاہدے کے منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبی ذخائر کا تحفظ پاکستان کے لیے قومی، ماحولیاتی اور سماجی فلاح کے حوالے سے ناگزیر حیثیت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
آبی ذخائر کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کو آبی ذخائر کے دیرپا تحفظ اور مؤثر انتظام کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ آبی ذخائر کا تحفظ محض موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کا ماحولیاتی فریضہ نہیں بلکہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر سماجی فلاح و بہبود کی ضمانت بھی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انڈس واٹرز ٹریٹی 1960 کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتا ہے اور پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو عالمی قوانین کی صریح اور سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہوئے سختی سے مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال آبی ذخائر کا عالمی دن ’’آبی ذخائر اور روایتی علم: ثقافتی ورثے کی پاسداری‘‘ کے موزوں عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو آبی ذخائر کے ثقافتی پس منظر اور ان کی تاریخی و سماجی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1971ء کے آبی ذخائر کے عالمی معاہدے کا رکن ہے، جس کے تحت آبی ذخائر کے دانشمندانہ استعمال اور ان کے وسائل کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے، اور یہ عالمی دن اسی معاہدے کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قابلِ بھروسا آبی ذخائر کسی بھی ملک کو شدید ماحولیاتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور خشک سالی، سیلاب اور شدید موسمیاتی اثرات سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آبی ذخائر، جن میں جھیلیں، گلیشیئرز، اندرونی آبی ذخائر اور ساحلی و مینگروو نظام شامل ہیں، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی توازن اور پانی کے مؤثر نظم و نسق میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ آبی ذخائر میں کمی لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار، خوراک کی قیمتوں اور قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے اور سیلاب و خشک سالی جیسے سنگین مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئیے آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم آبی ذخائر کو ایک بیش قیمت قومی، ماحولیاتی، سماجی اور ثقافتی اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان عالمی سطح پر بھی ممالک کے درمیان آبی ذخائر کے منصفانہ، قانونی اور پرامن استعمال کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔



