داتا دربار روحانی سکون اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے، زائرین کی خدمت قومی ذمہ داری ہے، نواز شریف

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ (داتا گنج بخش) کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے، جہاں آ کر دلوں کو اطمینان اور معاشرے کو رواداری کا پیغام ملتا ہے۔

لاہور میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کیے، جبکہ ملک و قوم کے امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزار پر گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ داتا دربار پر آنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت حکومت کی قومی ذمہ داری ہے۔ زائرین کو بہترین سہولیات، مؤثر سکیورٹی، صفائی اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار کے تقدس، تاریخی ورثے اور روحانی ماحول کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک سے بھی لاکھوں زائرین داتا دربار حاضری دیتے ہیں، حکومت اس امر کے لیے پُرعزم ہے کہ جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مزار کی مذہبی اور ثقافتی حیثیت کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع اور ترقی کا منصوبہ ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے، جس کا مقصد زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور مذہبی ورثے کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ایسے منصوبے عوامی خدمت اور حکومتی ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔

مزار حاضری کے موقع پر سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف شاہد کلیانی، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان سمیت دیگر افسران اور منیجرز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے میاں نواز شریف اور اسحاق ڈار کو داتا دربار کے توسیعی منصوبے اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سابق وزیر اعظم اور نائب وزیراعظم نے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اوقاف ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

مزید خبریں

Back to top button