بلوچستان میں فتنہ الہندستان کے دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قابلِ فخر ہیں: شرجیل انعام میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں اور وطن کے امن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ قربانیاں مستقبل میں بھی ہماری نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں عورتوں اور بچوں کا قتل کھلی بربریت اور انسانیت دشمنی ہے، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ دہشتگرد کسی نظریے یا حقیقی جدوجہد کی نمائندگی نہیں کرتے، بلکہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی اخلاقی شکست ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ان کا غیر معمولی حوصلہ اور جرات کا مظاہرہ دشمن کے لیے واضح پیغام ہے، اور ہماری قوم اور فورسز کا بلند مورال دشمن کے لیے ہر محاذ پر شکست کا باعث بنے گا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے نیٹ ورک کی بیرونی سرپرستی کے باوجود، یہ جنگ پورے ملک کی مشترکہ جنگ ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آخری دہشتگرد اور سہولت کار کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست، عوام اور سیکیورٹی ادارے یکجا ہیں، جس سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست ہو گی۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں بلکہ عوام کے اعتماد اور امن و امان کی بحالی کے لیے بھی اہم ہیں۔



