فیلڈ مارشل کی قیادت نے بھارت کو زخم دیا، اسی لیے آج تڑپ رہا ہے، بھارتی پراکسیز کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، عطاء تارڑ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی گئی، جس کا غصہ اور تکلیف اب دشمن کی پراکسیز کے ذریعے سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی ادارے ان عناصر کا مکمل خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے بزدلانہ حملہ کیا گیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا اور ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ انہوں نے پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گرد بارہ مختلف شہروں میں حملوں کے ارادے سے آئے تھے، مگر فورسز کے بھرپور ردعمل نے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا بیٹھ کر بلوچستان کے نام پر پروپیگنڈا کرتا رہا، جبکہ حقیقت میں دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رہے اور ریاستی اداروں نے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت ماضی میں میدان میں آیا تو شکست کھا کر پسپا ہوا، اور آج اسی ناکامی کی خفت پراکسیز کے ذریعے نکالی جا رہی ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدانتظامی عروج پر ہے، تیراہ متاثرین کیلئے مختص اربوں روپے کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی سیکیورٹی یا انسانی امداد کی ضرورت پڑتی ہے تو پاک فوج اور وفاقی حکومت ہی آگے آتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ احتجاج، الزام تراشی اور سیاسی انتشار کے سوا خیبرپختونخوا حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں، جبکہ گورنر راج آئینی آپشن کے طور پر ہر وقت موجود ہوتا ہے، جو صرف حکومتی ناکامی کی صورت میں زیر غور آتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button