تیراہ متاثرین کا لاوا پھٹنے کو تیار، باڑہ جرگے کا حکومت پر سنگین الزامات، 4 ارب فنڈ میں کرپشن ناقابلِ قبول قرار

پشاور (جانوڈاٹ پی کے)باڑہ سیاسی اتحاد کے زیراہتمام تیراہ کے معاملے پر منعقد ہونے والے اہم جرگے میں عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی، ہمدردی اور بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی مشران نے امن کے حق میں دوٹوک مؤقف اختیار کیا اور تیراہ متاثرین کے لیے مختص فنڈز میں صوبائی حکومت کی نااہلی، کرپشن اور سیاسی مداخلت پر شدید تنقید کی۔ مشران کا کہنا تھا کہ متاثرینِ تیراہ میں 4 ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی اثر و رسوخ ناقابلِ قبول ہے۔
قومی جرگے کا ایجنڈا سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے پیش کیا۔ اس موقع پر حاجی شیریں آفریدی نے کہا کہ خوارج کے ساتھ دو مرتبہ جرگے کیے گئے، جس کے بعد جرگے کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور تیراہ کے مشران کے سپرد کی گئی، تاہم دونوں جرگے ناکام ثابت ہوئے۔
جرگہ مشران نے واضح کیا کہ متاثرینِ تیراہ کے مسائل کسی ایک قبیلے یا علاقے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی اور قومی مسئلہ ہے، جس کے حل میں مزید تاخیر ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔ مشران کے مطابق آبادی کے عارضی انخلا کے تمام مراحل صوبائی حکومت اور ضلع خیبر کی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد طے کیے گئے تھے۔
جرگے میں مطالبہ کیا گیا کہ وادیٔ تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن بحال کیا جائے اور مستقبل میں پائیدار امن کی واضح ضمانت دی جائے۔ خوارج کی جانب سے فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملوں اور کواڈ کاپٹر گرانے جیسے اقدامات کو فوری طور پر بند کیا جائے کیونکہ یہ عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس کا سبب بن رہے ہیں۔
قبائلی مشران نے مطالبہ کیا کہ متاثرینِ تیراہ کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے، متاثرین سے کیے گئے تمام وعدوں اور معاہدوں کو تحریری اور عملی طور پر تسلیم کر کے نافذ کیا جائے اور متاثرین کی گاڑیوں کے واجب الادا بقایاجات فوری ادا کیے جائیں۔
جرگہ مشران نے خبردار کیا کہ اگر ادائیگیاں نہ کی گئیں تو متاثرین اپنی گاڑیوں کو جلوس کی شکل میں پشاور لے جا کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے متاثرین کی رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت، اقربا پروری، انتظامی نااہلی اور کرپشن کی غیر جانبدار تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
مزید کہا گیا کہ تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والے تمام رہائشیوں کو آئی ڈی پیز اسٹیٹس دے کر مکمل رجسٹریشن کی جائے اور تمام متاثرین کو امدادی پیکیج میں شامل کیا جائے۔ اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
جرگہ مشران نے اعلان کیا کہ قیامِ امن کے لیے آج سے باڑہ میں امن تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ باڑہ سیاسی اتحاد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرینِ تیراہ کے حقوق کے حصول تک جدوجہد ہر فورم پر جاری رکھی جائے گی۔



