بی ایل اے غیر ملکی دہشت گرد تنظیم، پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا بلوچستان میں سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والی دہشت گرد کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے، جو امریکا کی جانب سے نامزد کردہ ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا دہشت گردی سے متاثرہ افراد، شہدا کے لواحقین اور تمام متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام تشدد اور خوف سے پاک زندگی گزارنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔

امریکی ناظم الامور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

قبل ازیں برطانیہ، سعودی عرب اور قطر نے بھی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ برطانوی ہائی کمیشن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی پُرتشدد کارروائیاں تشویش ناک ہیں، جبکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بہترین حکمت عملی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔ سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

قطر کی وزارت خارجہ نے بھی دہشت گردی اور ہر قسم کے تشدد کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین، پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button