ایف سی ہیڈکوارٹر حملہ: خودکش بمبار اور سہولت کار افغان نکلے، منصوبہ بندی افغانستان میں ہونے کا انکشاف

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پشاور پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں حملے میں ملوث سہولت کاروں کے افغانی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق خودکش بمباروں کے سہولت کاروں کی مکمل نشاندہی کر لی گئی ہے اور یہ تمام سہولت کار افغانستان سے تعلق رکھتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی۔

تحقیقات کے دوران واقعے سے متعلق اہم گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں، جبکہ مزید انکشافات متوقع ہیں۔ سکیورٹی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حملے کے پس پردہ نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پشاور پر دہشت گرد حملہ گزشتہ سال 24 نومبر کو کیا گیا تھا، جس میں ایف سی کے 3 جوان شہید جبکہ 5 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے نتیجے میں 8 شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے تینوں خودکش بمبار بھی افغان شہری تھے۔

مزید خبریں

Back to top button