لاہور میں بسنت کا بخار چڑھ گیا! پتنگوں کی فروخت شروع، قیمتوں نے شہریوں کے ہوش اڑا دیے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں بسنت کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، شہر بھر میں پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی فروخت آج سے شروع کر دی گئی ہے، جس کے بعد اندرونِ شہر خریداروں کا رش امڈ آیا۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع لاہور میں 2246 ٹریڈرز کو پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی خرید و فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ یہ اجازت آج سے 8 فروری تک مؤثر رہے گی۔ مقررہ تاریخ کے بعد پتنگیں بنانے اور فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 2504 ٹریڈرز نے آن لائن رجسٹریشن کے لیے درخواست دی ہے، جن میں سے 163 درخواستیں تاحال پراسیس میں ہیں، جبکہ 95 ٹریڈرز کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ مزید رجسٹریشن کا عمل 8 فروری تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب پتنگوں کی فروخت شروع ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے اندرونِ شہر کا رخ کیا، تاہم شدید رش کے باعث کئی دکانداروں نے صرف ایک گھنٹے بعد ہی دکانیں بند کر دیں۔
شہریوں نے پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مارکیٹ میں ایک تاوا گڈا 250 سے 300 روپے، ڈیڑھ تاوا گڈا 450 سے 500 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ ایک پیس پناہ 4 ہزار اور ڈیڑھ پیس پناہ 6 ہزار روپے تک جا پہنچا۔



