انڈر 19 ورلڈکپ، سیمی فائنل میں رسائی کیلئے پاکستان کو آج بھارت کیخلاف بڑی فتح درکار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) انڈر 19 ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، تاہم گرین شرٹس کے لیے یہ مقابلہ کرو یا مرو کی حیثیت اختیار کرچکا ہے کیونکہ سیمی فائنل میں رسائی کے لیے محض فتح نہیں بلکہ بڑے مارجن سے کامیابی ناگزیر ہے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ، افغانستان اور آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، جبکہ گروپ 2 سے صرف ایک نشست باقی ہے۔ اگر بھارتی انڈر 19 ٹیم پاکستان کو کسی بھی مارجن سے شکست دیتی ہے تو وہ براہِ راست سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گی۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے اور اس کا رن ریٹ بھی کمزور ہے، جبکہ بھارت 6 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے باعث مضبوط پوزیشن پر ہے۔ ایسے میں پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے نہ صرف بھارت کو شکست دینا ہوگی بلکہ رن ریٹ میں بھی سبقت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے کم از کم 85 رنز کے بڑے فرق سے کامیابی درکار ہوگی، جبکہ ہدف کے تعاقب کی صورت میں گرین شرٹس کو غیر معمولی رفتار دکھانا ہوگی۔ مثال کے طور پر اگر ہدف 251 رنز ہوا تو پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے 29.4 اوورز یا اس سے کم میں ہدف حاصل کرنا ہوگا۔



