ایرانی سپریم لیڈر کئی ہفتوں بعد منظر عام پر آگئے، صدر کے ہمراہ امام خمینی کے مزار پر حاضری

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کئی ہفتوں بعد منظرِ عام پر آئے اور انقلابِ ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ بانیٔ انقلاب امام خمینیؒ کے مزار پر حاضری دی۔
اس موقع پر آیت اللہ خامنہ ای نے امام خمینیؒ کے پوتے حسن خمینی سے ملاقات کی اور مزار کے احاطے میں نماز بھی ادا کی۔ اعلیٰ قیادت کی اس مشترکہ حاضری کو ایران میں سیاسی و نظریاتی اتحاد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا، اسرائیل اور یورپی قیادت پر سخت الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور بعض یورپی رہنما ایران میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو ایران کو کمزور اور ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں، جبکہ بیرونی طاقتوں کا اصل مقصد ایرانی معاشرے میں تقسیم اور انتشار پیدا کرنا ہے۔



