سندھ طاس معاہدہ ٹوٹا تو عالمی معاہدوں کا نظام بھی خطرے میں پڑ جائے گا،اقوام متحدہ میں پاکستان کا انتباہ

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اگر آبی معاہدے غیر محفوظ ہو جائیں تو دنیا کا کوئی بھی معاہدہ محفوظ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی معاہداتی نظام کے لیے ایک خطرناک مثال ثابت ہو سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایریا فارمولہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے سندھ طاس معاہدے کو عالمی اعتماد کی علامت قرار دیا اور کہا کہ آبی وسائل سے متعلق معاہدوں کو سیاست کی نذر کرنا بین الاقوامی قوانین اور تعاون کے ڈھانچے کو کمزور کر دے گا۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی عالمی معاہدوں کے نظام کا ایک سنجیدہ امتحان ہے، کیونکہ ایسے یکطرفہ اقدامات مستقبل میں سرحدی، تجارتی اور دیگر اہم معاہدوں کو بھی غیر مؤثر بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ محض دو ممالک کے درمیان نہیں بلکہ عالمی نوعیت کا معاملہ ہے، اور اس پر کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت عالمی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔



