بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں سے ملاقات کی اور فوری اور مؤثر ردعمل پر بہادر جوانوں کو شاباش دی۔
میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ دہشتگرد عناصر کے خلاف بروقت رسپانس قابلِ تحسین ہے، ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 700 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جبکہ صرف گزشتہ دو دن میں 70 کے قریب دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ علی الصبح فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے گرتے ہوئے مورال کو سہارا دینے کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، جنہیں بلوچستان پولیس اور ایف سی کے جانباز سپاہیوں نے مل کر ناکام بنایا اور درجنوں دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ یہ بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، آخری دہشتگرد تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔



