دہشتگردی کا منہ توڑ جواب، بہادر سپوتوں نے 37 دہشتگرد جہنم واصل کر دیے، وزیر داخلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے 37 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کا ایک بار پھر ثبوت دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر بیٹوں پر فخر ہے، شہداء قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button