بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12مقامات پر حملے ناکام، 37 دہشتگرد ہلاک ، 10جوان شہید

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کو مؤثر اور بروقت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بناتے ہوئے 37 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 12 مقامات پر حملے کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے تمام حملے ناکام بنا دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کی جھڑپوں میں فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کا تعاقب تاحال جاری ہے اور جاری آپریشنز کے دوران مزید دہشت گردوں کی ہلاکت اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔



