لاہور میں پتنگ کی ڈور پھر گئی، 10 سالہ بچہ لہولہان، پولیس کا سخت کریک ڈاؤن

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن میں غیر قانونی پتنگ بازی ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہونے لگی، جہاں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 10 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
واقعہ گزشتہ شام تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب مصطفیٰ آفندی نامی بچے کے گلے پر اچانک پتنگ کی ڈور آ لگی۔ واقعے کے فوراً بعد اہلِ علاقہ نے زخمی بچے کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ابتدائی علاج کے بعد اسی شام اسے ڈسچارج کر دیا گیا۔
واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ذمہ دار پتنگ بازوں کی نشاندہی کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر بھر میں غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے اور صرف اجازت یافتہ دنوں میں ہی اس کی اجازت ہوگی۔
فیصل کامران نے کہا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی جان لیوا جرم ہے اور اس پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔



